
لاہور، 29 ستمبر 2026 (نوشین): پنجاب کے محکمہ داخلہ نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبے بھر میں بیرونی مقامات پر ڈرون اڑانے پر دفعہ 144 کے تحت 30 روز کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کی مدت کے دوران بیرونی مقامات پر ڈرون کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی، تاہم ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کی کوریج کے لیے چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی، جبکہ ان کے محفوظ آپریشن کی ذمہ داری تقریب کے منتظمین پر ہوگی۔ انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ نے منظور شدہ ڈرون آپریشنز کے لیے تحریری اجازت نامے جاری کرنے کی غرض سے ضلعی سطح پر سیف ڈرون یوز کمیٹیاں بھی قائم کر دی ہیں۔ کمیٹیاں زرعی، آبپاشی اور تحقیقی سرگرمیوں سے متعلق ڈرون کے محفوظ استعمال کی درخواستوں کا جائزہ لیں گی۔ متعلقہ کمیٹی کی تحریری اجازت کے تحت ہونے والے ڈرون آپریشنز پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ یہ پابندی پنجاب کے ہوم سیکریٹری نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144(6) کے تحت عائد کی ہے، جبکہ صوبائی حکام اور پولیس کو پنجاب بھر میں حکم پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔