سنگاپور، 29 اگست 2026 (نیوز ڈیسک): پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے سلسلے میں سنگاپور میں پاکستانی ہائی کمیشن نے معروف پاکستانی فلم ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ کی خصوصی نمائش کا اہتمام کیا۔ بلال لاشاری کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں فواد خان، ماہرہ خان اور حمزہ علی عباسی نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔ فلم کو جدید پاکستانی سنیما کی ایک اہم اور نمایاں پروڈکشن قرار دیا جاتا ہے اور اسے بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ پنجاب کے بھرپور ثقافتی پس منظر میں بنائی گئی ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ میں عزت، بہادری، وفاداری، انصاف اور دشمنی جیسے آفاقی موضوعات کو اجاگر کیا گیا ہے، جبکہ فلم کے ذریعے پاکستان کے ثقافتی ورثے، روایتی داستان گوئی، موسیقی، ملبوسات اور فلمی صلاحیتوں کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی ہائی کمشنر رابعہ شفیق نے ثقافتی سفارت کاری اور عوامی روابط کے فروغ میں سنیما کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ فلمیں مختلف ممالک کو اپنی ثقافت، روایات اور عصری شناخت عالمی ناظرین تک مؤثر اور دلچسپ انداز میں پہنچانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ ایک جدید سنیما کے انداز میں ایک منفرد پاکستانی کہانی پیش کرتی ہے اور پاکستان سے باہر بھی اسے ناظرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمیشن سنگاپور کے عوام کو پاکستان کی ثقافت، معاشرے اور داستان گوئی سے متعارف کرانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہا ہے، جبکہ فلمیں دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی تفہیم بڑھانے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ پاکستان ہائی کمیشن نے گزشتہ سال بھی سنگاپور میں پاکستانی فلم ’’نایاب‘‘ کی خصوصی نمائش کا اہتمام کیا تھا۔ تقریب میں شریک ناظرین نے ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ کو بھرپور سراہا، خصوصاً فلم کی جاندار اداکاری، شاندار بصری پیشکش اور موسیقی کو پسند کیا گیا۔ مہمانوں نے پاکستانی سنیما کی اس اہم کاوش سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرنے پر بھی تحسین کا اظہار کیا اور فلم کے معیار اور دلچسپ اندازِ کہانی کو سراہا۔ خصوصی نمائش میں سفارت کاروں، حکومتی عہدیداروں، کاروباری برادری کے نمائندوں، میڈیا سے وابستہ افراد اور سنگاپور میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ یہ فلمی نمائش پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے کی تقریبات کا حصہ تھی، جس کا مقصد ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مزید مضبوط روابط قائم کرنا ہے۔
