
نیویارک، 24 مارچ 2026(غفران): اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل میں قرارداد 2334 کے تحت مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بریفنگ کے موقع پر پاکستان کا مؤقف پیش کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے خلاف جاری مظالم، غیر قانونی آبادکاری اور تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے ڈپٹی اسپیشل کوآرڈینیٹر رمیز الاکباروف اور غزہ کے لیے ہائی ریپریزنٹیٹو نیکولے ملادینوف کا جامع بریفنگز پر شکریہ ادا کیا۔
اپنے بیان میں پاکستانی مندوب نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے اور خطہ ایک خطرناک موڑ پر کھڑا ہے جہاں وسیع پیمانے پر تصادم کا خدشہ بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ فلسطین عرب۔اسرائیل تنازعہ کے مرکز میں ہے، جو خطے میں عدم استحکام کو برقرار رکھے ہوئے ہے اور پائیدار امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام غیر قانونی قبضے، جبری بے دخلی، منظم تشدد اور اپنے بنیادی حقوق، بالخصوص حقِ خود ارادیت، سے محرومی کا شکار ہیں۔ غزہ اور مغربی کنارے میں حالیہ تشدد اور شہریوں، خصوصاً خواتین اور بچوں کی ہلاکتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال ناقابلِ قبول ہے۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے زور دیا کہ اسرائیل، بطور قابض قوت، بین الاقوامی قانون کے تحت فلسطینی شہریوں کے تحفظ کا پابند ہے، تاہم اس ذمہ داری کی مسلسل خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے آبادکاروں کے بڑھتے ہوئے منظم تشدد اور فلسطینی آبادی کے خلاف حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان واقعات میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2334 پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے اسرائیل فوری طور پر آبادکاری کی سرگرمیاں بند کرے اور مقبوضہ علاقوں کی حیثیت تبدیل کرنے کے تمام اقدامات واپس لے۔
پاکستان نے حالیہ سفارتی پیش رفت، بشمول نیویارک اعلامیہ اور سلامتی کونسل کی قرارداد 2803، کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی، اور تعمیر نو کے عمل کا فوری آغاز ناگزیر ہے۔ اس ضمن میں فلسطینی اتھارٹی کے مرکزی کردار پر بھی زور دیا گیا۔
پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایک مقررہ مدت پر مبنی سیاسی عمل کے ذریعے 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک خودمختار، آزاد اور جغرافیائی طور پر مربوط فلسطینی ریاست کا قیام، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، ہی خطے میں دیرپا امن اور استحکام کی واحد ضمانت ہے۔
آخر میں، پاکستانی مندوب نے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کے حقِ خود ارادیت، انصاف اور آزادی کی جدوجہد میں بھرپور حمایت جاری رکھے گا، اور مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے تمام فریقین سے تحمل اور مکالمے کی اپیل کرتا ہے۔