اسلام آباد، 21 اگست 2026 (غفران): سول سروسز اکیڈمی میں 54ویں کامن ٹریننگ پروگرام (سی ٹی پی) کے تحت زیر تربیت پروبیشنری افسران نے اسلام آباد اسٹڈی ٹور کے سلسلے میں وزارتِ خارجہ کا دورہ کیا۔ وفد میں سول سروس کے تمام 12 پیشہ ورانہ گروپس سے تعلق رکھنے والے پروبیشنرز کے علاوہ سول سروسز اکیڈمی کے فیکلٹی ممبران بھی شامل تھے۔ ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ سفیر حامد اصغر خان نے وفد کو وزارتِ خارجہ کے ڈھانچے اور طریقہ کار، جبکہ پاکستان کی مجموعی خارجہ پالیسی کے خدوخال اور ترجیحات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران زیر تربیت افسران کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کی تشکیل و نفاذ اور ملک کے سفارتی مفادات کے فروغ میں وزارتِ خارجہ کے کردار سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ کے بعد ایک تعاملی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکاء نے پاکستان کے خارجہ تعلقات، سفارت کاری اور دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا اور سوالات کیے۔یہ دورہ اسلام آباد اسٹڈی ٹور کا حصہ تھا، جس کا مقصد زیر تربیت افسران کو اہم سرکاری اداروں کے کام کرنے کے طریقہ کار سے عملی طور پر روشناس کرانا اور ملکی طرزِ حکمرانی و خارجہ پالیسی کے نظام کے بارے میں ان کی سمجھ بوجھ کو مزید بہتر بنانا ہے۔
