Wednesday, August 12

روسی ایف ایم کی نزہنیکامسک میں دہشت گرد حملے کی مذمت، غیر ملکی شہری بھی جاں بحق

ماسکو، 11 اگست 2026 ( کامران راجہ): روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے تاتارستان کے شہر نزہنیکامسک میں شہری تنصیبات پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر غیر ملکی شہری شامل ہیں۔ماریا زاخارووا کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں ہلاک ہونے والوں میں ازبکستان کے 8 اور تاجکستان کا ایک شہری شامل ہے، جبکہ حملے میں تقریباً 20 دیگر غیر ملکی شہری زخمی ہوئے۔ یہ حملہ 10 اگست کو کیا گیا۔روسی ترجمان نے کہا کہ حملے میں ان تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جہاں روس کے دوست ممالک کے شہری رہائش پذیر اور کام کرتے ہیں۔ ان کے بقول حملہ آور ممالک کے درمیان اختلافات پیدا کرنے اور باہمی تعلقات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرینی جنگجوؤں کی جانب سے کیے گئے دہشت گرد حملوں میں صرف روسی شہری ہی نہیں بلکہ غیر ملکی شہری بھی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔روسی وزارت خارجہ نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور دوستوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ماریا زاخارووا نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ یوکرینی جنگجوؤں کی جانب سے کیے جانے والے ان کارروائیوں کی مذمت کرے، جنہیں انہوں نے ’’وحشیانہ جرائم‘‘ قرار دیا۔