
اسلام آباد، 3 اگست 2026 (غفران): سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں عزمِ استحکام ویژن کے تحت گزشتہ دو ماہ سے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ کامیابی سے جاری رکھا ہوا ہے، جن کا مقصد خطے میں پائیدار امن کا قیام اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی جانے والی مختلف کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔ ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے کھٹی کلی میں ہونے والی ایک کامیاب کارروائی کے دوران متعدد خوارج دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا گیا، جبکہ اطلاعات کے مطابق متعدد دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ تمام آپریشنز انتہائی احتیاط اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیے جا رہے ہیں تاکہ شہری آبادی کے جان و مال کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور مقامی آبادی کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔ سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔