
اسلام آباد، 3 اگست 2026 (کامران راجہ): جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے صدر ڈاکٹر تناکا اکیہیکو یکم سے 5 اگست تک پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ یہ ان کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے، جبکہ 2020 کے بعد کسی جائیکا صدر کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ بھی ہے۔ اس دورے کا مقصد پاکستان اور جاپان کے درمیان ترقیاتی تعاون کو مزید فروغ دینا اور جاری منصوبوں کا جائزہ لینا ہے۔ دورے کے دوران ڈاکٹر تناکا پاکستان میں جائیکا کے تعاون سے جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کریں گے، جبکہ وزیراعظم پاکستان، وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکومتی حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے تاکہ دوطرفہ تعاون کے موجودہ اور مستقبل کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
جاپان کی سرکاری ترقیاتی امداد پر عملدرآمد کرنے والے ادارے جائیکا نے گزشتہ 70 برس سے زائد عرصے سے پاکستان کے ساتھ شراکت داری قائم رکھی ہے۔ ادارہ تعلیم، صحت، قدرتی آفات سے نمٹنے، صنفی مساوات، گورننس، نجی شعبے کی ترقی اور سڑکوں، بجلی سمیت بنیادی ڈھانچے کے مختلف منصوبوں میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔ دورے کا ایک اہم حصہ فیصل آباد واٹر سپلائی امپروومنٹ پراجیکٹ کا معائنہ ہے، جو پاکستان میں جاپان کے نمایاں شہری ترقیاتی منصوبوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد فیصل آباد کے شہریوں کو محفوظ اور صاف پینے کے پانی کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے، جہاں آبادی میں تیزی سے اضافے کے باعث پانی کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
جائیکا نے 2016 سے 2019 کے دوران فیصل آباد واٹر سپلائی، سیوریج اور ڈرینیج ماسٹر پلان کی تیاری میں معاونت فراہم کی، جس کے تحت 2038 تک پائیدار آبی سہولیات کے فروغ کا جامع منصوبہ تیار کیا گیا۔ اسی منصوبے کی بنیاد پر جائیکا نے 4.094 ارب جاپانی ین کی گرانٹ فراہم کی تاکہ شہر کے واٹر ٹریٹمنٹ اور پانی کی ترسیل کے نظام کو جدید بنایا جا سکے۔ اس منصوبے کے تحت اولڈ جھال کھنوآنہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ تعمیر کیا گیا، جس کی یومیہ پانی صاف کرنے کی استعداد 50 لاکھ گیلن ہے۔ اسaکے ساتھ پانی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کو بھی بہتر بنایا گیا۔ اپریل 2025 سے فعال ہونے کے بعد اس منصوبے کے نتیجے میں فیصل آباد کے ہزاروں شہریوں کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
ڈاکٹر تناکا اپنے دورے کے دوران اولڈ جھال کھنوآنہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا معائنہ کریں گے، جسے مستقبل میں جاپانی او ڈی اے قرضے کے ذریعے مزید توسیع دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔ وہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے بہتر بنائے گئے پانی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کا بھی جائزہ لیں گے اور ان گھروں کا دورہ کریں گے جنہیں اس منصوبے سے براہِ راست فائدہ پہنچا ہے۔ جائیکا کے مطابق فیصل آباد واٹر سپلائی منصوبہ پاکستان کے دیگر شہروں میں شہری آبی نظام کو بہتر بنانے کے لیے ایک کامیاب ماڈل ثابت ہو سکتا ہے۔ جائیکا نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ حکومت پاکستان اور متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھتے ہوئے جاپان کی سرکاری ترقیاتی امداد کے ذریعے عوام کی زندگیوں کے معیار کو بہتر بنانے اور پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کرتا رہے گا۔