
اسلام آباد، 21 ستمبر 2026 (کامران راجہ): وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور پاک افغان سرحدی علاقوں میں بڑے پیمانے پر زمینی اور فضائی کارروائیوں کے دوران 37 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ وزارت کے مطابق کوہاٹ، ہنگو اور تھل میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کی گئیں، جن میں 20 ستمبر کو 9 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ پاک افغان سرحد سے ملحقہ علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الخوارج اور اس سے وابستہ دہشت گرد گروہوں کی 3 کمین گاہیں تباہ کردیں، جبکہ خودکش بمباروں کے تربیتی مرکز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے دوران متعدد خودکش بمباروں سمیت 28 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ٹھکانوں میں موجود اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کردیا گیا۔ وزارت اطلاعات کے مطابق کارروائیوں کے دوران شہریوں کی ہلاکتوں اور املاک کے نقصان سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔ وزارت نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی مہم بھرپور انداز میں جاری رہے گی، جبکہ شہریوں کا تحفظ اور سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔