Wednesday, August 12

حکومت 12 اگست کو ’ویژن پاکستان 2047‘ کا آغاز کرے گی

اسلام آباد، 10 اگست 2026 (کامران راجا): حکومت نے ایک کھرب ڈالر کی معیشت کا ہدف حاصل کرنے اور طویل مدتی معاشی ترقی و پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ’ویژن پاکستان 2047‘ کا 12 اگست کو آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف ’ویژن پاکستان 2047‘ کا باضابطہ افتتاح کریں گے، جس کے تحت ملکی معیشت، ترقی اور پائیدار اقتصادی نمو کے فروغ کے لیے طویل مدتی فریم ورک پیش کیا جائے گا۔ وژن میں نوجوان نسل کے لیے پائیدار معاشی ترقی، خوشحالی اور جدت کے مواقع پیدا کرنے کے لیے خصوصی پروگرام بھی شامل ہوں گے۔ حکومت نے وزارت منصوبہ بندی کے ’اڑان پاکستان پلان‘ کو بھی ویژن پاکستان 2047 کے ساتھ منسلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ وزیراعظم آفس نے تمام وزارتوں اور متعلقہ اداروں سے اس وژن کے لیے اسٹریٹجک اہداف طلب کر لیے ہیں۔ تمام وزارتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ویژن میں شامل کرنے کے لیے اسٹریٹجک اہداف، اصلاحات اور طویل مدتی ترقیاتی ایجنڈا پیش کریں۔ منصوبے میں قومی ترقی، معاشی تبدیلی، انسانی سرمائے کی ترقی اور ٹیکنالوجی سے متعلق اہداف شامل ہوں گے، جبکہ ماحولیاتی پائیداری اور گورننس اصلاحات کو بھی ویژن پاکستان 2047 کے اہم اجزا میں شامل کیا جائے گا۔