Thursday, September 10

حماد اظہر کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں کے پہلے سے جاری گرفتاری کے وارنٹ پر عملدرآمد کا فیصلہ

PTI Leaders’ Existing Arrest Warrants to Be Enforced Following Hammad Azhar’s Arrest

لاہور، 10 ستمبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر کی گرفتاری کے بعد حکام نے مختلف مقدمات میں مطلوب پی ٹی آئی رہنماؤں کے پہلے سے جاری عدالتی وارنٹ پر عملدرآمد تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جن میں نومبر 2024 کے ڈی چوک احتجاج کا مقدمہ بھی شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق مختلف مقدمات میں عدالتوں سے جاری وارنٹ کا سامنا کرنے والے پی ٹی آئی رہنماؤں کو گرفتار کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی چوک احتجاج سے متعلق مقدمات میں جنید اکبر اور عبدالغنی کے خلاف پہلے سے جاری وارنٹ پر عملدرآمد کیا جائے گا، جبکہ جوڈیشل کمپلیکس مقدمات میں شبلی فراز، مراد سعید اور حماد اظہر کے خلاف جاری عدالتی وارنٹ پر بھی کارروائی کی جائے گی۔ زرتاج گل، عامر مسعود مغل، ڈاکٹر امجد علی اور مینا خان آفریدی بھی اسلام آباد میں درج مختلف مقدمات میں مطلوب پی ٹی آئی رہنماؤں میں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق فیض آباد احتجاج کیس میں علی امین گنڈاپور اور عمر تنویر بٹ کے خلاف قانونی کارروائی آگے بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی ممکنہ گرفتاریاں پہلے سے درج ایف آئی آرز اور ماضی میں جاری کیے گئے عدالتی وارنٹ کی بنیاد پر عمل میں لائی جائیں گی۔ اسلام آباد پولیس کو مختلف تھانوں میں درج مقدمات میں مطلوب پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف عدالتی وارنٹ قانون کے مطابق نافذ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔