
مکاؤ، 13 اکتوبر 2026 (نوشین): ہانگ کانگ کے معروف ایکشن اسٹار جیکی چن نے 72 سال کی عمر میں باسکٹ بال کورٹ پر کامیاب شاٹ لگا کر شائقین کو حیران کردیا۔ جیکی چن نے 7 سے 11 اکتوبر تک وینیٹین کوٹائی ایکسپو، مکاؤ میں منعقد ہونے والے این بی اے ہاؤس 2026 فین فیسٹیول میں شرکت کی، جو این بی اے چائنا گیمز 2026 کے سلسلے میں منعقد کیا گیا تھا۔ اس فیسٹیول میں باسکٹ بال کے علاوہ موسیقی، تفریح اور فیشن سے متعلق سرگرمیاں بھی شامل تھیں۔ تقریب کے دوران باسکٹ بال شوٹنگ کوچ کرس میتھیوز نے جیکی چن کو شاٹ لگانے کے لیے چند مفید مشورے دیے، جس کے بعد اداکار نے کورٹ میں اتر کر اپنی مہارت آزمائی اور طویل فاصلے سے گیند باسکٹ میں پھینک دی۔ پہلی ہی کوشش میں کامیابی حاصل کرنے پر جیکی چن نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں بازو بلند کردیے، جبکہ حاضرین نے تالیوں اور نعروں سے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن (این بی اے) نے بھی سوشل میڈیا پر ان کی کامیاب کوشش کو نمایاں کرتے ہوئے کہا کہ اداکار نے چیلنج قبول کیا اور پہلی ہی کوشش میں جمپ شاٹ لگانے میں کامیاب رہے۔ فین فیسٹیول کے علاوہ جیکی چن نے وینیٹین ایرینا میں ہیوسٹن راکٹس اور ڈلاس ماورکس کے درمیان این بی اے چائنا گیمز 2026 کا پری سیزن میچ بھی دیکھا۔ باسکٹ بال شاٹ لگاتے ہوئے جیکی چن کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر شائقین کی توجہ حاصل کی، جبکہ ان کی پھرتی اور کھیل سے دلچسپی کو بھی سراہا گیا۔