
لندن، 24 ستمبر 2026 (نوشین): برطانیہ میں معروف عالمی گلوکاروں اور موسیقاروں کے نام پر جعلی ونائل ریکارڈز تیار کرکے لاکھوں پاؤنڈ کمانے والے 40 سالہ ریحان احمد کو عدالت نے ساڑھے تین سال قید کی سزا سنا دی۔ ملزم نے تقریباً سات سال تک یہ غیر قانونی کاروبار جاری رکھا اور اس دوران 27 لاکھ پاؤنڈ سے زائد منافع کمایا۔ برطانوی حکام کے مطابق ریحان احمد نے دی بیٹلز، ٹیلر سوئفٹ، ایڈ شیرن، ایڈیل، آریانا گرانڈے، ڈریک، بیونسے اور ریحانہ سمیت 108 سے زائد فنکاروں کی موسیقی کے جعلی ریکارڈز تیار کرکے فروخت کیے۔ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب میوزک انڈسٹری کے نمائندوں نے خفیہ طور پر اس کے گودام سے ریکارڈ خریدے اور جانچ کے دوران ان کے جعلی ہونے کا انکشاف ہوا۔ بعدازاں پولیس نے لندن کے علاقے ایکٹن میں واقع گودام پر چھاپہ مار کر 2,791 جعلی ونائل ریکارڈز برآمد کیے، جسے برطانوی پولیس نے ایک کارروائی میں جعلی ونائل ریکارڈز کی ملک کی سب سے بڑی برآمدگی قرار دیا۔ کارروائی کے دوران تقریباً 70 سال پرانی چار ونائل پریس مشینیں، 3,000 دھاتی اسٹیمپرز، ہزاروں ریکارڈ کور اور لیبلز بھی قبضے میں لیے گئے، جبکہ ضبط کیے گئے سامان کا مجموعی وزن تقریباً 18 ٹن تھا۔ حکام کے مطابق ملزم نے ونائل ریکارڈز کی دوبارہ بڑھتی ہوئی مقبولیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک منظم جعلی کاروبار قائم کیا، جس سے فنکاروں، ریکارڈ لیبلز اور قانونی طور پر موسیقی فروخت کرنے والے کاروباروں کو مالی نقصان پہنچا۔