برلن، 23 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کے اعزاز میں جرمنی کی وزارتِ دفاع میں پُروقار استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ جرمن صدر فرینک والٹر شٹائن مائر نے وزارتِ دفاع آمد پر صدر زرداری کا استقبال کیا، جبکہ تقریب کے دوران پاکستان اور جرمنی کے قومی ترانے بجائے گئے۔ صدر آصف علی زرداری جرمن صدر کی دعوت پر سرکاری دورے پر جرمنی میں موجود ہیں۔ یہ دورہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ 23 سال بعد کسی پاکستانی سربراہِ مملکت کا جرمنی کا یہ پہلا دورہ ہے۔ پاکستان اور جرمنی رواں سال اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ بھی منا رہے ہیں۔ دورے کے دوران صدر زرداری اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اپنے جرمن ہم منصب اور جرمن حکومت کے سینئر حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی صورتِ حال اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ صدر زرداری کا یہ دورہ پاکستان اور جرمنی کے تعلقات کو نئی تحریک دے گا اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
