اسلام آباد، 8 ستمبر 2026 (نوشین): وفاقی حکومت میں بھرتیوں کے نظام میں اصلاحات سے متعلق کمیٹی کا آخری اجلاس پیر کو نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا، جس میں وفاقی حکومت میں بھرتیوں کے مجوزہ اصلاحات سے متعلق رپورٹ کی منظوری دے دی گئی۔ ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے کمیٹی کی رپورٹ منظوری کے لیے وزیراعظم کو پیش کرنے کی سفارش کی جبکہ وزیراعظم کی تجاویز کو بھی سفارشات میں شامل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں وفاقی بھرتیوں کے نظام کو تیز، شفاف، میرٹ پر مبنی اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ کمیٹی نے نیشنل جاب پورٹل کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کی سفارش بھی کی تاکہ بھرتیوں کے عمل کو جدید اور مؤثر بنایا جا سکے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ وفاقی حکومت میں بھرتیوں کے نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا تاکہ امیدواروں کے انتخاب میں شفافیت، میرٹ اور کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
