
ڈھاکا، 22 اگست 2026 (غفران): بنگلہ دیش نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ پر مشتمل ممکنہ اقتصادی یا دفاعی فریم ورک میں شامل ہونے کے امکان پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق خارجہ امور کے مشیر ہمایوں کبیر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ڈھاکا سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ پر مشتمل اقتصادی یا دفاعی فریم ورک میں شمولیت کے امکان کو مثبت نظر سے دیکھتا ہے۔ ہمایوں کبیر نے کہا کہ بنگلہ دیش اس معاملے کا جائزہ لیتے ہوئے اپنے قومی مفادات، بدلتے ہوئے عالمی اقتصادی ماحول اور بین الاقوامی تجارت میں ہونے والی پیش رفت کو مدنظر رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش معمول کی سفارتی سرگرمیوں کے تحت پاکستان کے ساتھ عملی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔بنگلہ دیشی مشیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارت اور عوامی سطح پر روابط بڑھانے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔ بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق وزیراعظم طارق رحمان کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے دعوت دیے جانے کے بعد ان کے جلد سعودی عرب کا دورہ متوقع ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کے فریم ورک کے تحت سیاسی اور عسکری روابط میں ہم آہنگی بڑھانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔