Saturday, November 7

’بلیک ڈوز‘ کے دوسرے سیزن میں جاسوسی، مزاح اور اخلاقی پیچیدگیوں کا امتزاج ہوگا، کیرا نائٹلی

Keira Knightley Says 'Black Doves' Season Two Blends Espionage, Humour and Moral Complexity

لندن، 6 نومبر 2026 (غفران): برطانوی اداکارہ کیرا نائٹلی نے کہا ہے کہ نیٹ فلکس کی جاسوسی پر مبنی سنسنی خیز سیریز ’بلیک ڈوز‘ کا دوسرا سیزن بھی بھرپور ایکشن، مزاح اور اخلاقی پیچیدگیوں کا امتزاج پیش کرے گا، جس میں جاسوسی، وفاداری اور ذاتی مسائل کی ایک دلچسپ کہانی دکھائی گئی ہے۔ لندن میں سیریز کی تقریبِ رونمائی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیرا نائٹلی نے بتایا کہ یہ ڈراما جاسوسی کے سنجیدہ موضوع کو مزاحیہ اور غیر متوقع لمحات کے ساتھ پیش کرتا ہے، جس سے اس کے کردار اپنی متنازع سرگرمیوں کے باوجود دلچسپ محسوس ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں مزاح اور پیچیدہ اخلاقی فیصلوں کو یکجا کیا گیا ہے، جس کے باعث ناظرین ایسے کرداروں سے بھی وابستگی محسوس کرتے ہیں جن کے اقدامات روایتی طور پر قابلِ قبول نہیں ہوتے۔ چھ اقساط پر مشتمل دوسرے سیزن میں کیرا نائٹلی ایک بار پھر ہیلن ویب کے کردار میں نظر آئیں گی، جو ایک خفیہ ایجنٹ ہونے کے ساتھ اپنی دوہری زندگی بھی گزار رہی ہیں، جبکہ ان کے شوہر وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھال لیتے ہیں۔ ان کی ہینڈلر مسز ریڈ کے خلاف سازش ہیلن ویب اور ان کے دیرینہ ساتھی سیم ینگ، جن کا کردار بین وِشاو نے ادا کیا ہے، کو ایک نئے خطرناک مشن میں الجھا دیتی ہے۔ کیرا نائٹلی اور بین وِشاو نے نئے سیزن کو بڑھتے ہوئے دباؤ اور جذباتی کشمکش کی کہانی قرار دیا، جس میں ہیلن اپنی حفاظت کے لیے انتہائی اقدامات اٹھانے پر آمادہ دکھائی دیتی ہیں، جبکہ سیم ینگ ذہنی دباؤ اور بحران کا شکار ہو جاتا ہے۔ سیریز میں نئے شامل ہونے والی اداکارہ امبیکا موڈ ایک قاتل کا کردار ادا کر رہی ہیں، جسے ہیلن کی مدد کے لیے تعینات کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل انہیں جاسوسی پر مبنی ڈراموں میں زیادہ دلچسپی نہیں تھی، تاہم اس سیریز کے منفرد انداز اور دلچسپ کرداروں نے انہیں اس منصوبے کی جانب راغب کیا۔ سیریز کے تخلیق کار اور مصنف جو بارٹن نے کہا کہ کرداروں کی اخلاقی تضادات ہی اس پروگرام کی بنیادی کشش ہیں، کیونکہ ناظرین ایسے افراد کی حمایت کرنے لگتے ہیں جنہیں عام حالات میں ولن سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ یہ کردار دراصل خطرناک مجرم ہیں جنہیں جیل میں ہونا چاہیے۔ لندن میں تقریبِ رونمائی کے دوران ٹیلی ویژن پر ثقافتی تنوع اور علاقائی نمائندگی کے موضوع پر بھی گفتگو ہوئی۔ ویلش اداکارہ گیبریل کریوی نے بڑے اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر علاقائی لہجوں کی بڑھتی ہوئی نمائندگی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نوجوان نسل کو حوصلہ مل سکتا ہے اور انہیں اسکرین پر اپنی شناخت نظر آ سکتی ہے۔ اس موقع پر جیمز بانڈ فلمی سلسلے کے مستقبل پر بھی بات ہوئی۔ بانڈ فلموں میں کیو کا کردار ادا کرنے والے بین وِشاو نے کہا کہ نئی تخلیقی ٹیم کو پرانے فارمولے دہرانے کے بجائے جرات مندانہ اور جدت پسندانہ انداز اپنانا چاہیے۔ ان کے مطابق اس سلسلے کو نئے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے نئے انداز میں پیش کرنا ضروری ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ انہیں اپنے سابقہ کردار میں واپسی کے حوالے سے تاحال کوئی پیشکش نہیں کی گئی۔ ’بلیک ڈوز‘ کا دوسرا سیزن جمعرات کو نیٹ فلکس پر ریلیز کر دیا گیا، جس میں مرکزی کردار ایک بار پھر ایکشن، سازشوں اور پیچیدہ اخلاقی فیصلوں سے بھرپور نئی کہانی کے ساتھ واپس آ گئے ہیں۔