Tuesday, August 18

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، مزید 9 دہشت گرد ہلاک

Security Forces Kill Nine Terrorists in Balochistan

کوئٹہ، 18 اگست، 2026 (کامران راجہ): سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آپریشن ردالفساد 3 کے تحت انٹیلی جنس بنیادوں پر کی جانے والی کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ذرائع کے مطابق سب سے بڑی کارروائی زیارت اور ہرنائی کے درمیان پہاڑی علاقے میں خفیہ اطلاع ملنے کے بعد کی گئی۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کا ٹھکانہ بھی تباہ کر دیا گیا۔ ایک اور کارروائی ضلع سوراب کے علاقے حاجیکہ گاؤں میں کی گئی، جہاں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا۔ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ ملنے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے دشتِ کٹائی اور حاجیکہ کے درمیان مؤثر ناکہ بندی کی۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے گولہ بارود، میگزینز، دستی بم، واکی ٹاکی، موٹر سائیکل اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔