
راولپنڈی، 9 ستمبر 2026 (کامران راجہ): سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیوں کے دوران 11 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ حکام کے مطابق یہ کارروائیاں 6 اور 7 ستمبر 2026 کو بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر کی گئیں۔ 6 ستمبر کو دہشت گردوں نے خاران میں سڑک بلاک کرکے مقامی ٹریفک میں خلل ڈالنے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ 7 ستمبر کو واشک میں ایک اور خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں تباہ کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین دہشت گرد ہلاک کر دیے۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا جو دیسی ساختہ بم تیار کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وفاقی ایپکس کمیٹی برائے قومی ایکشن پلان کی منظوری سے شروع کیے گئے عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں مکمل رفتار سے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور 11 دہشت گردوں کی ہلاکت پر ان کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا۔ صدر زرداری نے واشک میں 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد کی برآمدگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں دہشت گرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خاران میں سڑک بلاک کرکے ٹریفک میں خلل ڈالنے کی دہشت گردوں کی کوشش ناکام بنانے اور واشک میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔