Thursday, October 15

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، بھارت کی مبینہ سرپرستی میں سرگرم 5 دہشت گرد ہلاک: آئی ایس پی آر

Security Forces Kill Five Indian-Sponsored Terrorists in Balochistan Operation: ISPR

اسلام آباد، 15 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع واشک میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے بھارت کی مبینہ سرپرستی میں سرگرم پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق یہ کارروائی 12 اور 13 اکتوبر 2026 کی درمیانی شب علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔ سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کر دیا اور پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جنہیں آئی ایس پی آر نے ’’فتنہ الہندوستان‘‘ سے تعلق رکھنے والے بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد قرار دیا۔ کارروائی کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے شروع کیے گئے وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے دہشت گردی کے خلاف کوششیں پوری ثابت قدمی کے ساتھ جاری رہیں گی۔