Wednesday, December 18

بارہویں بین الاقوامی مشق باراکوڈا کا کراچی میں آغاز

 

بارہویں بین الاقوامی مشق باراکوڈا کا کراچی میں آغاز The Pakistan Times

بارہویں بین الاقوامی مشق باراکوڈا کا ہیڈ کوارٹرز پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی، کراچی میں آج سے باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا جس کے بعد یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ تقریب میں تیراں دوست ممالک کے مبصرین، پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے افسران نے شرکت کی۔ بارہویں مشق باراکوڈا 02 تا 04 جنوری 24 تک منعقد کی جا رہی ہے اور یہ ہاربر اور سی فیز پر مشتمل ہے۔

بارہویں بین الاقوامی مشق باراکوڈا کا کراچی میں آغاز The Pakistan Times مشق کی افتتاحی بریف کا انعقاد کراچی میں ہوا۔ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی احمد عرفان اسلم تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ غیر ملکی مندوبین اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے وفود نے بھی بریف میں شرکت کی۔ اس دوران مشق کے مقاصد پر روشنی ڈالی گئی۔ مزید برآں، قومی اور بین الاقوامی مقررین نے تیل کے اخراج اور سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیو کے ردعمل پر مقالے پیش کئے۔

اپنے خطاب کے دوران مہمان خصوصی نے تقریب میں شرکت کرنے پر تمام غیر ملکی مندوبین کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ مشق سمندری آفات سے نمٹنے کے لیے ہماری تیاریوں کو متحرک کرتی رہے گی۔ پاکستان ہمیشہ سے خطے اور دنیا کی بھلائی کے لیے محفوظ سمندروں کا حامی رہا ہے اور رہے گا۔

قبل ازیں، اپنے استقبالیہ خطاب کے دوران ڈائریکٹر جنرل پی ایم ایس اے ریئر ایڈمرل امتیاز علی نے حاضرین کو سمندر میں آلودگی کی روک تھام کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا اور اس سلسلے میں پی ایم ایس اے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ملکی سمندروں میں قوانین کے نفاذ میں پی ایم ایس اے کے کردار پر روشنی ڈالی اور قومی و غیر ملکی شرکاء اور میری ٹائم اسٹیک ہولڈرز کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

ڈی جی پی ایم ایس اے ریئر ایڈمرل امتیاز علی نے غیر ملکی مندوبین سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

بارہویں مشق باراکوڈا سمندری آلودگی کے خلاف ردعمل ہے جو پی ایم ایس اے کی جانب سے 2007 سے ہر دو سال بعد منعقد کی جاتی ہے۔ یہ مشق ردعمل کے طریقہ کار کو بہتر بنانے اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے پر مرکوز ہے۔ بارہوں مشق باراکوڈا تیل کے ممکنہ اخراج اور سمندری آلودگی کے واقعات سے نمٹنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔

بارہویں مشق باراکوڈا شمالی بحیرہ عرب میں ایک عمیق تجربے کے طور پر سامنے آئے گی جو 02 جنوری 24 سے شروع ہونے والی مشقوں میں حصہ لینے والے ممالک کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ تین دن جاری رہنے والی یہ مشق ہاربر اور سی فیز پرمشتمل ہے جو کہ باہمی تعاون کو بڑھانے، متنوع سمندری اداروں کے درمیان ہم آہنگی کومستحکم کرنے اور سمندری آلودگی کے واقعات کے جواب میں عالمی ردِعمل کو مضبوط بنائے گی۔ سمندروں کی حفاظت کی ناگزیر ضرورت کے پیش نظر، بارہوں مشق باراکوڈا سمندری آلودگی سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کا باعث بنے گی۔

 

ایڈیٹر: راجہ کامران