
تہران، 19 ستمبر, 2026 (غفران): ایران نے سویڈن کی جانب سے ایرانی سفارت خانے کے ایک اہلکار کو ملک بدر کیے جانے کے بعد جوابی اقدام کرتے ہوئے ایک سویڈش سفارت کار کو 48 گھنٹوں کے اندر ایران چھوڑنے کا حکم دے دیا۔ ایرانی وزارت خارجہ نے سویڈن کے سفیر کو طلب کرکے اسٹاک ہوم کے فیصلے پر باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا اور ایران کے حوالے سے سویڈن کی پالیسی کو ’’تباہ کن‘‘ قرار دیا۔ وزارت خارجہ نے سیکیورٹی سے متعلق معاملات میں ایرانی مداخلت کے سویڈش الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور سویڈن میں ایران مخالف عناصر کو سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دینے پر بھی تنقید کی۔ ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق سویڈن کی جانب سے ایرانی اہلکار کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ اسرائیلی حکومت کے دباؤ پر کیا گیا۔ تہران نے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے جوابی طور پر سویڈش سفارت کار کو ملک بدر کرنے کا اعلان کیا اور اسے ایران کی سرزمین چھوڑنے کے لیے 48 گھنٹے کی مہلت دی۔ تازہ سفارتی تنازع کے باعث تہران اور اسٹاک ہوم کے درمیان تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے ہیں۔