اسلام آباد، 18 نومبر 2026 (کامران راجہ): ایران نے واشنگٹن میں کیمیائی یا تابکار ہتھیاروں کے ذریعے حملے کی منصوبہ بندی سے متعلق الزامات مسترد کرتے ہوئے اسرائیل نواز میڈیا اداروں پر بے بنیاد دعوے پھیلانے اور جنگی ماحول کو ہوا دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے منگل کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں ان اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسے میڈیا اداروں نے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران ایران کی جانب سے ممکنہ کیمیائی ہتھیاروں کے حملے اور ڈیموں کے نیچے میزائل اڈے تعمیر کرنے سے متعلق دعوے پھیلائے ہیں۔ عباس عراقچی نے ان الزامات کو عراق جنگ کے دوران سامنے آنے والے پروپیگنڈے سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ ان دعوؤں میں اسرائیلی اثر و رسوخ نمایاں ہے۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے بھی امریکی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ جنگ کے حق میں بیانیہ تشکیل دے رہا ہے۔ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے ان اطلاعات کو سیاسی مہم کا حصہ قرار دیا اور ان کے پس پردہ ذرائع کی ساکھ پر سوالات اٹھائے۔ قالیباف نے مزید الزام لگایا کہ اس مہم کی منظوری ٹیکنالوجی کی دنیا کی معروف شخصیت لیری ایلیسن نے دی ہے، جنہیں انہوں نے اسرائیلی فوج کے بڑے نجی عطیہ دہندگان میں سے ایک اور سی این این کا نیا مالک قرار دیا۔ ایرانی حکام کے یہ بیانات امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی پیر کے روز شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے بعد سامنے آئے، جس میں امریکی انٹیلی جنس سے واقف سات حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران واشنگٹن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنانے کے ممکنہ منصوبوں پر غور کر رہا تھا، جن میں تابکار مواد پر مشتمل ڈرٹی بم یا کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال بھی شامل تھا۔ رپورٹ کے مطابق انٹیلی جنس معلومات ممکنہ حملوں کے منصوبوں پر غور کیے جانے کی نشاندہی کرتی ہیں، تاہم کسی فوری حملے کی تیاری کے شواہد سامنے نہیں آئے۔ بعض ذرائع کے مطابق امریکی دارالحکومت میں ممکنہ اہداف اور مقامات کی نشاندہی بھی کی گئی تھی۔ ان اطلاعات کے بعد امریکی حکام نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر نگرانی اور ہنگامی منصوبہ بندی میں اضافہ کیا، تاہم اس حوالے سے اختلاف پایا جاتا ہے کہ آیا ایران میں ایسے حملے کی صلاحیت اور ارادہ موجود ہے یا نہیں۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان لارین بِس نے کہا کہ انتظامیہ ممکنہ خطرات کی نگرانی کر رہی ہے، تاہم اس وقت امریکی سرزمین کو کوئی قابلِ اعتبار خطرہ درپیش نہیں ہے۔
