
تہران، 21 نومبر 2026 (غفران): ایران کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ قطری وفد نے جمعے کی شب تہران میں مذاکرات کیے ہیں جبکہ ایران سے متعلق جاری جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں۔ ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا کہ تہران قطر سمیت مختلف ثالثوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، قطر روایتی طور پر ایران اور امریکا دونوں کے ساتھ قریبی تعلقات رکھتا ہے اور علاقائی تنازعات میں مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔ نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق غریب آبادی نے کہا کہ ایران ثالثوں کے ساتھ براہ راست ملاقاتوں اور آن لائن رابطوں کے ذریعے بات چیت کر رہا ہے تاکہ سفارت کاری کے لیے ایک اور موقع تلاش کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تہران اس بات کا جائزہ لینے کے لیے ضروری مشاورت جاری رکھے ہوئے ہے کہ آیا تنازع کے حل کے لیے سفارتی کوششوں کو دوبارہ آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔ جنگ کا آغاز 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں سے ہوا تھا، جس کے جواب میں تہران نے اسرائیل اور خلیجی ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا۔ اس تنازع نے پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، بین الاقوامی بحری تجارت متاثر ہوئی ہے اور عالمی منڈیوں میں توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ غریب آبادی کا یہ بیان ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے حالیہ بیان کے بعد سامنے آیا ہے، جنہوں نے کہا تھا کہ تہران امریکا کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے سفارت کاری کا راستہ اختیار کرنے میں اب بھی دلچسپی رکھتا ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے، تاہم ان کے بقول تہران کی جانب سے پیش کردہ شرائط انہیں قابل قبول نہیں ہیں۔