
اسلام آباد، 12 ستمبر 2026 (غفران): ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور خطے کی تازہ صورتحال کے تناظر میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ رائٹرز کے مطابق پاکستانی سکیورٹی حکام نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع، سفارتی کوششوں کی بحالی اور مذاکرات کی طرف واپسی کے امکانات سمیت سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکام کے مطابق گفتگو میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازع بھی زیر بحث آیا۔ دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے جمعرات کی شام سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور عدم تحفظ کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں جانب نے کشیدگی کو مزید پھیلنے سے روکنے اور خطے میں استحکام کی بحالی کے لیے تعاون اور سفارتی کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ایرانی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ یمن کے بحران کو فوجی مداخلت کے ذریعے حل نہیں کیا جا سکتا۔