Saturday, August 29

انسپکٹر جمشید کی فلم ’’آئی جے: دی سیکرٹ پارچمنٹ‘‘ کا پہلا ٹریلر جاری

انسپکٹر جمشید کی فلم ’’دی سیکرٹ پارچمنٹ‘‘ کا پہلا ٹریلر جار

لاہور، 30 اگست 2026 (نیوز ڈیسک): معروف مصنف اشتیاق احمد کے تخلیق کردہ مقبول جاسوسی کردار انسپکٹر جمشید پر بننے والی نئی پاکستانی فلم ’’دی سیکرٹ پارچمنٹ‘‘ کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔ فلم میں معروف اداکاروں احد رضا میر اور عمیر رانا سمیت دیگر فنکاروں نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔ فلم کے ذریعے اشتیاق احمد کے مشہور جاسوسی ناولز کے یادگار کرداروں کو بڑے پردے پر پیش کیا گیا ہے۔ جاری کیے گئے ٹریلر میں انسپکٹر جمشید اور ان کے خاندان کو ایک پراسرار کیس میں الجھتے دکھایا گیا ہے، جس میں تجسس، خطرات، تحقیقات، ایکشن اور جاسوسی کے عناصر نمایاں ہیں۔ فلم کی کہانی ایک پراسرار پارچمنٹ کے گرد گھومتی ہے، جس کے راز سے پردہ اٹھانے کے دوران کئی نئے سوالات اور غیر متوقع صورتحال سامنے آتی ہے۔ اشتیاق احمد کے جاسوسی ناولز پڑھ کر بڑی ہونے والی نسل کے لیے انسپکٹر جمشید ایک یادگار اور مقبول کردار کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کرداروں کو پاکستانی اور بین الاقوامی ناظرین کے لیے فلمی پردے پر پیش کرنا پاکستان کے ادبی ورثے کو عالمی سنیما سے جوڑنے کی ایک منفرد کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔ فلم کے ایگزیکٹو پروڈیوسر محمد عدنان بٹ نے کہا کہ انسپکٹر جمشید ’’ہمارا اپنا ہیرو‘‘ ہے اور اس منصوبے کا مقصد اس کردار کو دنیا بھر کے ناظرین سے متعارف کرانا ہے۔ ان کے مطابق اشتیاق احمد نے کئی دہائیاں قبل جس تخیلاتی دنیا کی بنیاد رکھی تھی، اسے جدید فلمی انداز میں پیش کرنا باعثِ فخر ہے۔ اسکرین رائٹر ایرک برگ نے کہا کہ انسپکٹر جمشید اب صرف کسی ایک ملک کے ناظرین تک محدود نہیں بلکہ دنیا بھر کے شائقین کو اپنی جانب متوجہ کرسکتا ہے۔ ہدایتکار فہد نور کے مطابق فلم میں جاسوسی اور ایکشن کے ساتھ خاندانی تعلقات اور انسانی جذبات کو بھی خاص اہمیت دی گئی ہے۔ فلم میں عمیر رانا انسپکٹر جمشید، احد رضا میر بہزاد، فاران طاہر زرفر برکی، آصف رضا میر خان رحمان اور جاد حدید انسپکٹر اکرام کے کردار میں نظر آئیں گے، جبکہ انوشے عباسی مسز جمشید کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ فلم کی بین الاقوامی کاسٹ میں اورلی شوکا، کیسی شینن، احمد حرقوس، الائن حرقوس اور راول عمران بھی شامل ہیں۔  دی سیکرٹ پارچمنٹ‘‘ کی عکسبندی متحدہ عرب امارات میں کی گئی ہے، جبکہ ایکشن ڈائریکشن کی ذمہ داری جارج کربی نے انجام دی ہے۔ فلم کی ہدایتکاری فہد نور نے کی ہے۔فلم پاکستانی اور بین الاقوامی فنکاروں اور تکنیکی ماہرین کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے۔