Sunday, August 23

اسکول میں تلوار کے حملے میں نوعمر لڑکی کی ہلاکت، سویڈش پولیس کی آن لائن نیٹ ورکس کی تحقیقات

Swedish Police Probe Online Networks After Teenage Girl Killed in School Sword Attack

اسٹاک ہوم، 23 اگست 2026 (غفران): سویڈش پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا ہائی اسکول میں طلبہ پر تلوار سے حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار 18 سالہ نوجوان ایسے آن لائن گروپس سے وابستہ تھا جو اسکولوں میں تشدد کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ یہ حملہ جمعہ کو وسطی سویڈن کے شہر فاغیرستا کے ایک اسکول میں پیش آیا، جہاں ایک نوعمر لڑکی جاں بحق جبکہ دو نوعمر لڑکے شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس نے حملے کے بعد مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا۔ مقامی اخبار فاغیرستا پوسٹن کے مطابق 17 سالہ لڑکی کے والدین نے تصدیق کی کہ ان کی بیٹی حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں شامل تھی۔ پولیس کے ایک ذریعے نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ تفتیش کار اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا ایک ٹک ٹاک اکاؤنٹ مشتبہ شخص کا تھا، جس نے حملے سے تقریباً 20 منٹ قبل تلوار کی تصویر پوسٹ کی تھی۔ سویڈش اخبار ڈیگنز نیہیٹر کے مطابق یہ تصویر بظاہر اسکول کے واش روم میں بنائی گئی تھی۔ جمعہ کو بند کیے جانے سے قبل تقریباً ایک ماہ پرانے اس اکاؤنٹ پر ایسی ویڈیوز موجود تھیں جن میں سویڈن میں پیش آنے والے دو بڑے پرتشدد واقعات اور ناروے کے انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے اجتماعی قتل کے مجرم آندرس بیہرنگ بریوک کا حوالہ دیا گیا تھا۔ ایک ویڈیو میں 2015 میں مغربی سویڈن کے شہر ٹرول ہیٹن کے ایک اسکول میں ہونے والے حملے کا حوالہ بھی دیا گیا تھا، جس میں نقاب پوش حملہ آور نے ایک تدریسی معاون اور دو طلبہ کو قتل کردیا تھا، بعدازاں پولیس کی فائرنگ سے مارا گیا تھا۔ پولیس کے ذریعے کے مطابق تفتیش کار مختلف آن لائن کمیونٹیز کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا ان میں سے کسی نے مشتبہ شخص کو حملہ کرنے پر اکسایا یا اس کے اقدام پر اثر انداز ہوا۔پولیس مشتبہ شخص کی ممکنہ آن لائن سرگرمیوں اور اسکول میں ہونے والے مہلک حملے کے دیگر محرکات و حالات کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔