Thursday, September 17

اسحاق ڈار کی سیف گیمز کی تیاریوں کے لیے قریبی رابطہ کاری کی ہدایت

Ishaq Dar Directs Close Coordination for SAF Games Preparations

اسلام آباد، 5 ستمبر 2026 (کامران راجہ): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو جنوبی ایشین فیڈریشن گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے باہمی رابطہ کاری یقینی بنانے، کھیلوں کے مقامات کی بروقت تکمیل اور اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ نائب وزیراعظم نے ہفتے کے روز سیف گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پیش رفت کا جائزہ لینے اور تیاریوں کو مقررہ شیڈول کے مطابق مکمل کرنے کے لیے کمیٹی کا اجلاس ہر ماہ منعقد کیا جائے۔ اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ، صوبائی حکومتوں کے نمائندوں سمیت وفاقی اور صوبائی محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جنوبی ایشین اولمپک کمیٹی کے ساتھ مشاورت کے بعد سیف گیمز کے انعقاد کی تاریخیں 4 سے 11 اپریل 2027 تک مقرر کر دی گئی ہیں۔ اجلاس میں نیشنل کوآرڈینیٹر کی تقرری جبکہ اسٹیئرنگ، آرگنائزنگ اور صوبائی کمیٹیوں کی تشکیل کی بھی منظوری دی گئی۔ سیف گیمز میں مجموعی طور پر 28 کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے، جن میں 6 ہزار سے زائد کھلاڑی اور آفیشلز کی شرکت متوقع ہے۔ کھیلوں کے مقابلے اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں منعقد کیے جائیں گے۔ اسحاق ڈار نے کھیلوں کے اس اہم علاقائی ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور بروقت تیاریوں کی اہمیت پر زور دیا۔