Thursday, November 19

آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں میں آگ بھڑک اٹھی، ایران کا امریکی ڈرون پکڑنے کا دعویٰ

Iran Claims Capture of US Drone as Oil Tankers Catch Fire in Strait of Hormuz

اسلام آباد، 16 نومبر, 2026 (کامران راجہ): ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز میں قشم جزیرے کے جنوب میں ایک امریکی فوجی ڈرون کو الیکٹرانک وارفیئر کے ذریعے اپنے کنٹرول میں لے کر بحفاظت اتار لیا۔ ایرانی حکام کے مطابق ایم کیو ایم 170 ساختہ ڈرون کو پیر کی صبح اس وقت روکا گیا جب وہ مبینہ طور پر ایرانی فضائی دفاعی اور الیکٹرانک وارفیئر نظام کی نشاندہی کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ایرانی بحریہ نے دعویٰ کیا کہ یہ اس نوعیت کا چوتھا ڈرون ہے جسے اس کی الیکٹرانک وارفیئر یونٹس نے پکڑا ہے، جبکہ ایم کیو 9، ایم کیو 1 اور لوکاس حملہ آور ڈرونز کو بھی ناکارہ بنانے یا روکنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ امریکی حکام کی جانب سے ایرانی دعوے پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ دوسری جانب ایرانی فوج نے اطلاع دی کہ آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں ایک تیل بردار جہاز بحری سرنگ سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگیا، جبکہ جہازوں کو ایرانی فورسز سے رابطہ کیے بغیر ممنوعہ علاقوں میں داخل نہ ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ برطانیہ کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) نے بھی اطلاع دی کہ آبنائے ہرمز سے باہر جانے والے ایک ٹینکر کو نامعلوم سمت سے آنے والے آلے نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں اس کے انجن روم میں آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم جہاز کو پہنچنے والے نقصان اور ممکنہ ماحولیاتی اثرات کا تعین نہیں ہوسکا۔ ایرانی فوج نے اس اہم آبی گزرگاہ میں تیل بردار جہازوں کے بحری سرنگوں سے ٹکرانے کے دیگر واقعات کی بھی اطلاع دی۔ ادھر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور عدم تحفظ کا ذمہ دار امریکا اور اسرائیل کی پالیسیوں کو قرار دیتے ہوئے توانائی کی ترسیل کے تحفظ اور علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران کی دفاعی کارروائیوں کا ہدف مخالفین کے فوجی مراکز اور اڈے ہیں، ہمسایہ ممالک نہیں۔ ایک اور پیش رفت میں بحرین میں امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو خطے میں بڑھتے ہوئے سکیورٹی خطرات کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے ممکنہ حملوں، پروازوں کی منسوخی، فضائی حدود کی بندش اور سفری مشکلات سے خبردار کیا۔ یہ ہدایت بحرین کی جانب سے ایرانی فضائی حملوں کو روکنے کے اعلان کے بعد جاری کی گئی۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے بھی دعویٰ کیا کہ اس نے بحرین کے العریفہ ایئر بیس پر امریکی ریڈار تنصیب کو چھ ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا۔ آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل کا ایک اہم بحری راستہ ہے، جہاں جہاز رانی میں رکاوٹوں کے باعث عالمی توانائی کی فراہمی کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں۔