
وینکوور، 7 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کینیڈا سپر 60 ٹورنامنٹ کے وینکوور میں کھیلے گئے فائنل کے دوران پنجابی میں کمنٹری کرکے کرکٹ مداحوں کو حیران کر دیا۔ وسیم اکرم نے میزبان اور کمنٹیٹر پرویز سندھو کے ساتھ کمنٹری باکس میں شرکت کی، جہاں لیجنڈری فاسٹ باؤلر نے اپنی نشریاتی صلاحیتوں کا ایک نیا انداز پیش کیا۔ میچ کے دوران ’’سلطان آف سوئنگ‘‘ نے پنجابی زبان میں کمنٹری کرتے ہوئے اہم لمحات کا دلچسپ اور پرجوش انداز میں تجزیہ کیا اور میچ میں مقامی رنگ بھی شامل کر دیا۔ وسیم اکرم کی پنجابی کمنٹری نے فوری طور پر مداحوں کی توجہ حاصل کی اور سوشل میڈیا پر بھی انہیں بھرپور پذیرائی ملی۔ شاندار باؤلنگ کیریئر کے ساتھ بطور کمنٹیٹر بھی مقبول وسیم اکرم نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ زبان، مزاح اور دلکش انداز کے ذریعے شائقین سے جڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور اسی وجہ سے وہ کرکٹ کی دنیا کی مقبول ترین آوازوں میں شمار ہوتے ہیں۔