Sunday, September 13

کراچی کے لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں پرانے کپڑوں کی فیکٹری میں شدید آتشزدگی

کراچی کے لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں پرانے کپڑوں کی فیکٹری میں شدید آتشزدگی

کراچی، 7 ستمبر 2026 (غفران): کراچی کے لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون (ای پی زیڈ) میں پرانے کپڑوں کی ایک فیکٹری میں شدید آتشزدگی کے نتیجے میں دو مرد اور ایک خاتون دھوئیں سے متاثر ہو کر تشویشناک حالت میں ہیں۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد مزید فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے۔ اس وقت کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے 11 فائر ٹینڈرز، دو واٹر ٹینکرز اور ایک اسنارکل آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں۔ حکام کے مطابق آگ ابتدائی طور پر فیکٹری کی گراؤنڈ فلور پر لگی اور بعد ازاں عمارت کی دو بالائی منزلوں تک پھیل گئی، جبکہ شدید دھوئیں کے باعث فائر فائٹرز کو عمارت کے باہر سے کارروائی کرنا پڑی۔ سیکیورٹی گارڈ کے مطابق دھواں اٹھنے کے بعد فیکٹری میں موجود کارکنوں نے بروقت عمارت خالی کردی، جبکہ ایس ایس پی ملیر نے بتایا کہ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور تمام کارکنوں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دھوئیں سے متاثرہ ایک خاتون کی حالت بگڑنے پر اسے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ای پی زیڈ کی سیکیورٹی انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے علاقے میں موجود دیگر کمپنیوں کے ملازمین کو متاثرہ احاطے میں داخل ہونے سے روک دیا۔ ایس ایس پی ملیر کے مطابق فائر فائٹرز کو آگ پر قابو پانے کے علاوہ کسی اور بڑے چیلنج کا سامنا نہیں، تاہم متاثرہ فیکٹری میں پرانے کپڑوں کا بھاری ذخیرہ موجود ہونے کے باعث آگ کی شدت برقرار ہے۔ سندھ رینجرز کے ترجمان کے مطابق واقعے کی سنگینی کے پیش نظر رینجرز اہلکار بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور فائر بریگیڈ و ریسکیو ٹیموں کے ساتھ آگ بجھانے، امدادی اور ریسکیو کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ متاثرہ عمارت کے اطراف رینجرز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے ساتھ شہریوں کی حفاظت بھی یقینی بنائی جاسکے۔ ترجمان کے مطابق انسانی جانوں کا تحفظ اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکنا اولین ترجیحات ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لانڈھی میں کپڑوں کی فیکٹری میں آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فیکٹری میں موجود افراد کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے آگ پر قابو پانے کی ہدایت کرتے ہوئے کراچی کمشنر اور متعلقہ انتظامیہ سے واقعے کی صورتحال پر رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔