
اسلام آباد, 03 ستمبر 2026(کامران راجہ): تھانہ کراچی کمپنی پولیس نے ایس ایچ او کراچی کمپنی کی زیرِ نگرانی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری کرنے والے گینگ کے دو ملزمان سلمان اور ابراہیم کو گرفتار کر لیا۔ دونوں ملزمان سابقہ مجرمانہ ریکارڈ رکھتے ہیں۔
پولیس ٹیم میں اے ایس آئی عارف حسین اور اے ایس آئی محمد عارف شامل تھے۔ پولیس ٹیم نے جدید تکنیکی وسائل، انسانی ذرائع اور مسلسل محنت کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں، جبکہ دونوں ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے جوڈیشل لاک اپ بھجوا دیا گیا ہے۔
ایک اور کارروائی کے دوران کراچی کمپنی پولیس ٹیم نے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ایک خاتون ملزمہ کو بھی گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق مذکورہ ملزمہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سڑکوں پر شہریوں سے قیمتی اشیاء لوٹنے میں ملوث تھی اور ایک اشتہاری ملزمہبھی تھی۔ خاتون ملزمہ کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
کراچی کمپنی پولیس ٹیم نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے ایک شخص کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا۔ ملزم کو گرفتار کرکے مزید قانونی کارروائی کے لیے جوڈیشل لاک اپ بھجوا دیا گیا ہے۔
ایس ایچ او کراچی کمپنی نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ جرائم کے سدباب اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ایسی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔