Monday, August 24

کراچی میں بجلی کے احتجاج کے دوران تشدد، 3 پولیس اہلکار زخمی

Three Policemen Injured as Power Protest Turns Violent in Karachi

کراچی، 24 اگست 2026 (کامران راجہ): کراچی کے علاقے منگھوپیر، نیو ناظم آباد کے قریب بجلی کی طویل بندش اور بعد ازاں پانی کی فراہمی معطل ہونے کے خلاف احتجاج کے دوران مشتعل مظاہرین نے تشدد کیا، جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ علاقہ مکینوں نے بجلی کی بار بار اور طویل بندش اور پانی کی قلت کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے سڑکیں بلاک کرکے ٹریفک کی روانی متاثر کی اور متعلقہ حکام سے فوری طور پر مسائل کے حل کا مطالبہ کیا۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس اہلکار احتجاجی مقام پر تعینات کیے گئے تھے، تاہم صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب مشتعل ہجوم نے تین پولیس اہلکاروں کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ زخمی پولیس اہلکاروں کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل سعد گل، کانسٹیبل شہباز اور کانسٹیبل ارسلان کے نام سے ہوئی ہے۔ تینوں اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا۔مظاہرین نے ٹائر بھی نذر آتش کیے اور طویل اور غیر اعلانیہ بجلی کی بندش اور پانی کی عدم دستیابی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بنیادی سہولیات کی مسلسل عدم دستیابی نے انہیں شدید ذہنی اور جسمانی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ مظاہرین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ان کے مسائل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بجلی اور پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔