کراچی، 4 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان کسٹمز نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر غیر ملکی کرنسی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دبئی جانے والی خاتون مسافر سے 42 ہزار 728 امریکی ڈالر کے مساوی غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی۔ کسٹمز حکام کے مطابق خاتون مسافر امارات ایئرلائن کی پرواز ای کے 601 کے ذریعے دبئی روانہ ہو رہی تھی اور اس نے مبینہ طور پر کرنسی سے متعلق غلط معلومات اور غلط ڈیکلریشن جمع کرائی تھی۔ شک کی بنیاد پر سامان کی تلاشی لینے پر 33 ہزار 600 امریکی ڈالر، 300 یورو، 2 ہزار 570 برطانوی پاؤنڈ اور 19 ہزار 815 متحدہ عرب اماراتی درہم برآمد ہوئے۔ حکام کے مطابق برآمد ہونے والی غیر ملکی کرنسی کی مجموعی مالیت پاکستانی روپے میں تقریباً ایک کروڑ 18 لاکھ روپے بنتی ہے۔ کسٹمز حکام نے بتایا کہ مبینہ غلط ڈیکلریشن پر کرنسی کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت ضبط کرلی گئی ہے جبکہ خاتون مسافر کے خلاف مزید قانونی کارروائی کے لیے مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔
