جدہ، 03 ستمبر 2026 (کامران راجہ): کثیر القومی بحری دفاعی اتحاد (ایم ایم ڈی سی) نے اپنے کمانڈ ہیڈکوارٹر سے باضابطہ طور پر آپریشنل مرحلے میں داخل ہونے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے ساتھ ہی سعودی قیادت میں قائم اس بحری سلامتی کے اقدام نے ادارہ جاتی منصوبہ بندی سے عملی نفاذ کی جانب اہم پیش رفت کی ہے۔ پاکستان نیوی کے کموڈور راشد شیخ نے اتحاد کے ڈپٹی کمانڈر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ ان کے ساتھ مختلف رکن ممالک کے رابطہ افسران بھی فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ بعض ممالک اتحاد میں شمولیت کے لیے اپنی داخلی کارروائیاں مکمل کر رہے ہیں۔ مزید رابطہ افسران کو ہر شریک ملک کے لیے مختص عہدوں کی تعداد کے مطابق مرحلہ وار تعینات کیا جائے گا۔ یہ پیش رفت اتحاد کے تیسرے منصوبہ بندی اجلاس کے بعد سامنے آئی ہے، جو 13 اگست کو جدہ میں ویسٹرن فلیٹ کمانڈ میں منعقد ہوا تھا۔ اجلاس میں 39 ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی، جو ایم ایم ڈی سی کو فعال بنانے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوا۔ اتحاد کے مطابق 15 ممالک نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کر دیے ہیں، جبکہ 13 ممالک نے اپنی قومی کارروائیاں مکمل کرتے ہوئے اتحاد کے چارٹر پر دستخط کیے اور باضابطہ طور پر اس میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ دیگر ممالک رکنیت کے لیے اپنی داخلی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اتحاد نے اپنے ادارہ جاتی ڈھانچے کے قیام میں بھی اہم پیش رفت کی ہے، جس میں سعودی کمانڈر کی تقرری اور پہلے دور میں پاکستان کو ڈپٹی کمانڈر کا عہدہ دینے پر اتفاق شامل ہے۔
اتحاد کے لیے ہیڈکوارٹر مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ اس کا سرکاری لوگو بھی منظور کر لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ آپریشنز کے لیے ضروری تنظیمی و منصوبہ بندی کے فریم ورک اور رہنما دستاویزات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔ تیسرے منصوبہ بندی اجلاس میں اتحاد کے مختلف اداروں اور کثیر القومی کمانڈ ڈھانچے کو فعال کرنے کے عملی انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ رکن ممالک کے افسران اور اہلکاروں کی آمد اور انہیں مشترکہ کمانڈ و اسٹاف ڈھانچے میں شامل کرنے کے لیے بھی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ کثیر القومی بحری دفاعی اتحاد کا مقصد اجتماعی بحری سلامتی کی بنیاد پر ایک پائیدار کثیر القومی بحری دفاعی نظام قائم کرنا ہے۔ اتحاد کے اہم مقاصد میں سمندری آمدورفت کی آزادی، اہم بحری راستوں اور آبناؤں کا تحفظ، بین الاقوامی تجارت کا تسلسل اور عالمی سپلائی چینز کا تحفظ شامل ہے۔ رکن ممالک کی جانب سے اہلکاروں کی تعیناتی اور اتحاد کے کمانڈ ڈھانچے کے فعال ہونے کے ساتھ ایم ایم ڈی سی اب ادارہ جاتی ڈھانچے کی تشکیل سے آگے بڑھتے ہوئے شریک ممالک کی صلاحیتوں کو یکجا کرنے اور مکمل آپریشنل تیاری حاصل کرنے کی جانب گامزن ہے۔اتحاد کا مقصد بحری سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانا، سمندری آمدورفت کی آزادی اور مشترکہ مفادات کا تحفظ کرنا اور اپنے چارٹر، رہنما دستاویزات اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق علاقائی و عالمی سلامتی میں کردار ادا کرنا ہے۔
