Thursday, September 3

سیکیورٹی فورسز کی پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، 15 خوارج ہلاک

سیکیورٹی فورسز کی پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، 15 خوارج ہلاک

راولپنڈی، 03 ستمبر 2026 (کامران راجہ): سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب شمالی وزیرستان کے علاقے میں افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دراندازوں کا مقابلہ کیا اور تقریباً 36 گھنٹے جاری رہنے والے آپریشن کے دوران دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 15 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے خلاف جاری کلیئرنس اور سرچ آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جس سے خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے ملک میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کے مذموم عزائم مزید بے نقاب ہوئے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغان طالبان حکومت افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔ افغان حکومت مؤثر سرحدی انتظامات قائم کرنے اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں بھی ناکام رہی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں، جبکہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ بھارتی حمایت کے ساتھ سرگرم دیگر دہشت گردوں کا بھی خاتمہ کیا جا سکے۔ آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے قریب پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام بنانے اور فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 15 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ اپنے الگ الگ بیانات میں صدر مملکت اور وزیراعظم نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت، صبر اور بہادری کو سراہتے ہوئے فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بیرونی قوتوں کی پشت پناہی حاصل کرنے والے دہشت گرد عناصر کو ملک میں بدامنی پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سرحدوں کے دفاع اور امن و استحکام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کا عزم قابل تحسین ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کے ناسور کو ملک سے جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے ’’عزمِ استحکام‘‘ مہم کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر کرتی ہے، جو ملکی سرحدوں کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔ قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے بھی شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے قریب بھارت کی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ ایوان صدر سے جاری بیان میں قائم مقام صدر نے آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بہادری کو سراہا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بھارت کی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ملک کے امن، استحکام اور ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔