
ممبئی، 12 ستمبر 2026 (نوشین): بھارتی اداکارہ کترینہ کیف کو اپنے کیریئر کے آغاز میں رقص کی صلاحیتوں پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، کوریوگرافر بوسکو نے انکشاف کیا ہے کہ ایک کوریوگرافر نے انہیں رقص کے معاملے میں ’زیرو‘ قرار دیتے ہوئے رقص چھوڑنے کا مشورہ دیا تھا۔ بوسکو اور ان کے ساتھی کوریوگرافر سیزر نے حال ہی میں ہدایت کار اور کوریوگرافر فرح خان کے ساتھ ایک انٹرویو میں اپنے کیریئر اور کترینہ کیف کے ساتھ کام کرنے کے تجربات پر گفتگو کی۔ اس دوران فرح خان نے بتایا کہ مقبول گانا ’شیلا کی جوانی‘ ان کی جانب سے کوریوگراف کیے گئے کم بجٹ والے گانوں میں شامل تھا، جس میں کترینہ کیف کے ساتھ صرف 10 لڑکوں نے پرفارم کیا تھا۔ بوسکو نے کہا کہ ’شیلا کی جوانی‘ کترینہ کیف کے کیریئر کے لیے فیصلہ کن گانا ثابت ہوا، جبکہ فرح خان نے بھی اسے ان کے کیریئر کا اہم موڑ قرار دیا۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ اس وقت انہیں معلوم نہیں تھا کہ کترینہ رقص کر سکتی ہیں یا نہیں۔ بوسکو نے کترینہ کے ابتدائی کیریئر کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں ایک کوریوگرافر کی جانب سے سخت تضحیک کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس نے انہیں رقص میں ’زیرو‘ قرار دے کر یہ شعبہ چھوڑنے کا مشورہ دیا تھا۔ سخت تنقید کے باوجود کترینہ کیف نے بھارتی فلمی صنعت میں نمایاں مقام حاصل کیا اور اپنی اداکاری اور رقص کے باعث کامیاب اداکاراؤں میں شمار ہونے لگیں۔