اسلام آباد، 10 نومبر 2026 (غفران): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹلی اے بیکر کو پاکستان میں امریکا کی نئی سفیر نامزد کردیا ہے، جس سے تقریباً دو سال بعد اسلام آباد میں مستقل امریکی سفیر کی تعیناتی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ وائٹ ہاؤس نے پیر کو امریکی سینیٹ کو بھجوائی گئی تقرریوں کی فہرست میں ان کی نامزدگی کا اعلان کیا۔ نیٹلی بیکر اس وقت پاکستان میں امریکی مشن کی ناظم الامور کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہیں سینئر فارن سروس میں منسٹر کونسلر کے عہدے پر فائز کیریئر سفارت کار قرار دیا گیا ہے اور اسلامی جمہوریہ پاکستان میں امریکا کی سفیر برائے خصوصی و مکمل اختیارات کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ ان کی تعیناتی امریکی سینیٹ کی منظوری سے مشروط ہے۔ منظوری ملنے کی صورت میں وہ ڈونلڈ بلوم کے 2025 کے اوائل میں عہدہ چھوڑنے کے بعد پاکستان میں امریکا کی پہلی مستقل سفیر ہوں گی۔ نیٹلی بیکر جنوری 2025 سے پاکستان میں امریکی مشن کی ناظم الامور کی ذمہ داریاں سنبھال رہی ہیں۔ اس سے قبل وہ اگست 2024 میں اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے میں نائب چیف آف مشن تعینات ہوئی تھیں، جبکہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بھی اسی عہدے پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ ان کے سفارتی تجربے میں امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف نیئر ایسٹرن افیئرز میں دفتر برائے شمالی افریقی امور کی ڈائریکٹر، لیبیا میں نائب چیف آف مشن اور ناظم الامور، دبئی میں امریکی قونصل خانے کے ایران ریجنل پریزنس آفس کی نائب ڈائریکٹر اور کویت میں امریکی سفارت خانے کی اقتصادی مشیر کے عہدے شامل ہیں۔ وہ ماضی میں اسلام آباد میں قونصلر افسر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔ نیٹلی بیکر نے پرنسٹن یونیورسٹی سے بیچلر جبکہ ہارورڈ یونیورسٹی سے پبلک پالیسی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے، وہ امریکا کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے نیشنل وار کالج کی فارغ التحصیل بھی ہیں۔ پاکستان میں امریکا کے سابق سفیر ڈونلڈ بلوم نے مارچ 2022 میں امریکی سینیٹ کی منظوری کے بعد مئی 2022 میں اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔ ان کی تعیناتی سے اسلام آباد میں تقریباً چار سال سے مستقل امریکی سفیر کی عدم موجودگی کا خاتمہ ہوا تھا۔ ڈونلڈ بلوم اگست 2018 میں ڈیوڈ ہیل کی مدتِ سفارت مکمل ہونے کے بعد پاکستان میں امریکا کے پہلے مستقل سفیر تھے۔
