Wednesday, August 26

ڈار کی برطانوی پارلیمنٹیرینز سے ملاقات، پاک برطانیہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

Dar Lauds British Parliamentarians’ Role in Strengthening Pakistan-UK Ties

اسلام آباد، 26 اگست 2026 (نوشین) — نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے لندن میں پاکستان ہاؤس میں پاکستان نژاد برطانوی پارلیمنٹیرینز کے ایک گروپ سے ملاقات کی، جس میں پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات، جموں و کشمیر تنازع، مشرق وسطیٰ میں امن کی کوششوں، علاقائی سلامتی اور آزاد جموں و کشمیر میں ترقیاتی اقدامات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں لارڈ ضمیر چوہدری، لارڈ قربان حسین، بیرونس شائستہ شیہان، لارڈ شفق محمد کے علاوہ اراکین پارلیمنٹ محمد یاسین، یاسمین قریشی، افضل خان، زبیر احمد اور عدنان حسین شریک ہوئے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور جموں و کشمیر تنازع کے منصفانہ حل کے لیے برطانوی پارلیمنٹیرینز کے اہم کردار اور مسلسل حمایت کو سراہا۔ برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے مشرق وسطیٰ میں پاکستان کی قیادت اور ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تاریخی کردار کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے، جو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے باعث فخر ہے۔اسحاق ڈار نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی اور امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے تمام فریقین کی جانب سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد انتہائی اہم ہے۔انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ معاہدہ خالصتاً دفاعی نوعیت کا ہے۔

آزاد جموں و کشمیر کی حالیہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے برطانوی پارلیمنٹیرینز نے حالیہ قانون ساز اسمبلی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو مبارکباد دی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد اس کی ماضی کی معاشی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے حوالے سے کارکردگی کی بنیاد پر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت آزاد جموں و کشمیر میں بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کو ترجیح دے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور حکومت آزاد جموں و کشمیر دیگر سیاسی جماعتوں اور تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ مل کر اہم انتظامی اور آئینی معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے کام کریں گی۔ ملاقات کے دوران پارلیمنٹیرینز نے باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان اور برطانیہ کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔