Wednesday, November 18

چین پاکستانی خلاباز کو خلائی اسٹیشن لے جانے والے شینزو-24 مشن کی تیاریاں کر رہا ہے

China Prepares Shenzhou-24 Mission to Carry First Pakistani Astronaut to Space Station

بیجنگ، 18 نومبر 2026 (کامران راجہ): چین کے شینزو-24 انسان بردار خلائی مشن کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں، جسے پاکستان اور چین کے خلائی تعاون میں ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس مشن کے ذریعے پاکستانی خلاباز پہلی بار چین کے خلائی اسٹیشن کا دورہ کریں گے۔ چین کی انسان بردار خلائی ایجنسی (سی ایم ایس اے) کے مطابق خلائی جہاز اور لانگ مارچ-2 ایف راکٹ اچھی حالت میں ہیں جبکہ لانچ مرکز کی تنصیبات اور آلات معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں، خلائی جہاز مناسب وقت پر روانہ کیا جائے گا۔ شمال مغربی چین کے صحرائے گوبی میں واقع جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں انجینئرز سرد موسم کے پیش نظر حفاظتی اقدامات، تکنیکی معائنے اور مشترکہ جانچ کے مراحل مکمل کرنے میں مصروف ہیں۔ تقریباً 60 میٹر طویل راکٹ اور خلائی جہاز کو عمودی منتقلی کے دوران ریلوے ٹریک پر تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر منتقل کیا گیا، جس میں 90 منٹ لگے۔ لانچ آپریشنز کو مزید قابل اعتماد بنانے کے لیے لانچ ٹاور پر بجلی کے وولٹیج کو مستحکم رکھنے والے تقریباً 20 آلات نصب کیے گئے ہیں جبکہ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے استعمال ہونے والے ایندھن بھرنے کے پمپ بھی تبدیل کر دیے گئے ہیں۔ چین نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متبادل امدادی نظام بھی تیار رکھا ہے، جس کے تحت لانگ مارچ-2 ایف وائی 25 راکٹ اور شینزو-25 خلائی جہاز عمودی اسمبلی عمارت میں تیار حالت میں موجود ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری امدادی مشن روانہ کیا جا سکے۔ خلائی ماہرین کے مطابق سرد موسم سے نمٹنے کے لیے حرارتی نظام، حفاظتی تہوں، درجہ حرارت کی نگرانی اور لانچ کے طریقہ کار میں تبدیلیوں سمیت متعدد اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ خلائی جہاز اور راکٹ کی حفاظت اور کارکردگی یقینی بنائی جا سکے۔ پاکستانی خلاباز اس مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کے طور پر حصہ لیں گے اور مختصر قیام کے بعد شینزو-23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے، جس کے نتیجے میں وہ چین کے خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز ہوں گے۔ مشن کے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے دونوں پاکستانی خلاباز اسلام آباد میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ سے چینی زبان کی تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔ بیجنگ لینگویج اینڈ کلچر یونیورسٹی کی پارٹی کمیٹی کے سیکریٹری کو ژاؤوی نے 2026 ورلڈ چائنیز لینگویج کانفرنس کے دوران اس بات کا انکشاف کیا۔ ان کے مطابق خلائی شعبے جیسے انتہائی تخصصی میدانوں میں زبان کی مہارت اہم ہے، جہاں تکنیکی ہدایات اور عملی طریقہ کار کو درست طور پر سمجھنا ضروری ہوتا ہے۔ ماہرین نے امید ظاہر کی ہے کہ شینزو-24 مشن کامیابی سے سائنسی تجربات مکمل کرے گا اور خلائی تحقیق میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دے گا، جبکہ پاکستانی خلاباز کی شرکت پاکستان اور چین کے سائنسی تعاون میں ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوگی۔**