Wednesday, September 16

پی ایف ایف کی ویمنز فٹبال اسٹریٹیجی 2026–2030 کا اجرا، گراس روٹس سے ایلیٹ لیول تک کھلاڑیوں کی ترقی کا راستہ متعین

PFF Launches Women’s Football Strategy 2026–2030 to Build Pathway from Grassroots to Elite Level

اسلام آباد، 14 ستمبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے ’’فرام پیپر ٹو دی پچ‘‘ کے عنوان سے پاکستان ویمنز فٹبال اسٹریٹیجی 2026–2030 کا اجرا کردیا، جس کا مقصد خواتین کی فٹبال کو گراس روٹس سے ایلیٹ لیول تک فروغ دینا اور کھلاڑیوں، کوچز، ریفریز، منتظمین اور قائدین کے لیے پائیدار مواقع پیدا کرنا ہے۔ حکمت عملی پانچ بنیادی ستونوں پر مبنی ہے جن میں شرکت و مقابلے، کھلاڑیوں کی ترقی و اعلیٰ کارکردگی، تعلیم و استعداد کار، تشہیر و شمولیت و فروغ، اور گورننس و قیادت شامل ہیں۔ پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے اس اقدام کو خواتین کی فٹبال کے لیے تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خواتین ٹیم نے فیفا ایونٹ میں شرکت کرکے تاریخ رقم کی ہے اور اب خواتین کی ٹیم کی عالمی رینکنگ مردوں کی ٹیم سے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمت عملی کا محور قومی ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانا، نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی اور خواتین کی فٹبال کے لیے وسیع تر نظام تشکیل دینا ہے۔ ویمنز فٹبال کی سربراہ میجگان اورکزئی نے کہا کہ حکمت عملی کا مقصد ایسا مربوط راستہ بنانا ہے جس کے ذریعے لڑکیاں اسکولوں، کلبوں اور اکیڈمیوں سے قومی ٹیم تک پہنچ سکیں۔ اس منصوبے میں گراس روٹس اور یوتھ مقابلوں میں توسیع، قومی، صوبائی اور ضلعی خواتین لیگز، کھلاڑیوں کے جامع رجسٹریشن نظام اور قومی ٹیلنٹ شناختی فریم ورک کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ علاقائی تربیتی مراکز، قومی یوتھ پروگرامز، بین الاقوامی تجربے کے مواقع اور سینئر قومی ٹیم کے لیے سالانہ کم از کم 10 بین الاقوامی میچز کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ حکمت عملی کے تحت چاروں ریجنز میں کم از کم 250 خواتین کوچز کی تربیت و سرٹیفکیشن اور رجسٹرڈ خواتین ریفریز کی تعداد 100 تک بڑھانے کا ہدف بھی رکھا گیا ہے، جبکہ آؤٹ ریچ پروگرامز کے ذریعے ہر سال کم از کم 2 ہزار لڑکیوں تک رسائی حاصل کی جائے گی۔ گورننس اور قیادت کے ستون کے تحت خواتین کی قیادت میں نمائندگی بڑھانے، کلبوں اور لیگز کو پیشہ ورانہ بنانے، نگرانی و رپورٹنگ کے نظام کو مضبوط کرنے، سیف گارڈنگ اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے پر توجہ دی گئی ہے۔ پی ایف ایف حکام اور حکومتی نمائندوں نے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے نوجوانوں کی ترقی اور بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ چھوٹے علاقوں میں موجود ٹیلنٹ کی تلاش پر زور دیا۔ 2030 تک حکمت عملی کا مقصد خواتین کی فٹبال میں شرکت بڑھانا، کھلاڑیوں، کوچز اور ریفریز کے لیے مزید مواقع پیدا کرنا اور ایک پیشہ ور، محفوظ اور جوابدہ فٹبال ماحول قائم کرنا ہے۔