
واشنگٹن، 27 اگست 2026 (کامران راجہ): پینٹاگون کی جانب سے یورپ میں امریکی فوجی دستوں کی تعیناتی کے جائزے کے تحت وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے لیے 6 نومبر تک کم از کم چار آپشنز تیار کیے جائیں گے۔ یہ جائزہ دسمبر میں مکمل ہونے کی مقررہ مدت سے پہلے تیار کیا جائے گا۔ دستاویز کے مطابق مجوزہ آپشنز میں امریکی فوجیوں کی تعداد، تعیناتی کے مقامات، تبدیلیوں کی رفتار اور اس پر آنے والی لاگت شامل ہوگی۔ جون میں شروع کیے گئے چھ ماہ کے اس جائزے پر نیٹو اتحادی ممالک کو تشویش ہے کہ اس کے نتیجے میں یورپ میں موجود تقریباً 80 ہزار امریکی فوجیوں کی تعداد میں بڑے پیمانے پر کمی کی جا سکتی ہے۔ اتحادی ممالک کو دفاعی اخراجات سے متعلق وعدوں، نیٹو کے فوجی ڈھانچے میں موجود خلا اور امریکی افواج کو فراہم کیے جانے والے رسائی کے حقوق کی بنیاد پر بھی جانچا جائے گا۔ پینٹاگون کی ’’ٹرمز آف ریفرنس‘‘ دستاویز میں یورپ میں امریکی فوجی اڈوں اور تعیناتی سے متعلق فیصلوں کے لیے جائزے کے طریقہ کار اور معیار کی تفصیلات دی گئی ہیں۔ دستاویز کے مطابق یورپ میں موجود اعلیٰ ترین امریکی فوجی کمانڈر 18 ستمبر تک پینٹاگون کے پالیسی چیف ایلبرج کولی کے ساتھ ایک اہم بریفنگ میں شرکت کریں گے۔ اس بریفنگ میں ان آپشنز کو حتمی شکل دینے میں مدد ملے گی جو بعد ازاں وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔