Saturday, November 7

پنجاب کے سرکاری سکولوں میں چائلڈ پروٹیکشن کمیٹیاں قائم کرنے کی تجویز

Punjab proposes child protection committees in government schools

اسلام آباد، 7 نومبر 2026 (نوشین): چیئرپرسن پنجاب چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد نے صوبے بھر کے سرکاری سکولوں میں چائلڈ پروٹیکشن کمیٹیاں قائم کرنے اور بچوں کے تحفظ سے متعلق تعلیم کو نصاب کا حصہ بنانے کی تجویز پیش کر دی ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے سیکرٹری سکول ایجوکیشن کو مراسلہ ارسال کیا ہے، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق سرکاری سکولوں میں بچوں کے تحفظ کے لیے جامع آگاہی اور حفاظتی نظام متعارف کروانے کی سفارش کی گئی ہے۔ سارہ احمد نے تجویز دی ہے کہ سکولوں میں طلبہ، اساتذہ اور والدین پر مشتمل چائلڈ پروٹیکشن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں، جو بچوں کے حقوق سے متعلق آگاہی فراہم کرنے، تحفظ سے متعلق مسائل کی نشاندہی کرنے اور متعلقہ اداروں کو بروقت رپورٹ کرنے کی ذمہ داری انجام دیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ اور ذاتی تحفظ سے متعلق آگاہی کو سکول نصاب میں شامل کیا جائے تاکہ بچے جسمانی تحفظ، ذاتی حدود، نامناسب رویوں کی شناخت اور قابل اعتماد بڑوں کو بروقت آگاہ کرنے کے طریقوں سے واقف ہو سکیں۔ مراسلے میں ڈیجیٹل سیفٹی ایجوکیشن کو بھی نصاب کا حصہ بنانے کی سفارش کی گئی ہے تاکہ بچوں کو سائبر بلنگ، آن لائن ہراسگی، آن لائن گرومنگ اور ڈیجیٹل استحصال سے محفوظ رکھا جا سکے۔ سارہ احمد کا کہنا ہے کہ بچوں کو سوشل میڈیا کے محفوظ اور ذمہ دارانہ استعمال، آن لائن پرائیویسی اور ڈیجیٹل فٹ پرنٹس کے حوالے سے آگاہی دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان اقدامات کا مقصد پنجاب کے سرکاری سکولوں میں بچوں کے تحفظ سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور ان کے لیے محفوظ تعلیمی ماحول کو یقینی بنانا ہے۔