Monday, December 23

پاکستان کے کسی شہری پر یو اے ای کے ویزے کے حصول کی پابندی نہیں، قونصل جنرل امارات

پاکستان کے کسی شہری پر یو اے ای کے ویزے کے حصول کی پابندی نہیں، قونصل جنرل امارات

متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرمیثی نے پاکستان کے بیشتر شہروں میں پیدا ہونے والے شہریوں کے لئے یو اے ای ویزہ کی پابندی کی اطلاعات کو “فیک نیوز” قرار دیتے ہوئے سختی سے تردید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای حکومت کی جانب سے ایسی کوئی پابندی نہیں لگائی گئی ہے۔ پاکستان کے شہری بلاتفریق متحدہ عرب امارات کے وزٹ یا دیگر کسی بھی ویزہ کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں اور انہیں ویزے دیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد اور لاہور کے علاوہ کراچی قونصلیٹ سے بھی ان شہروں کی پیدائش رکھنے والے یا رہائشی پاکستانی بھائیوں کے وہ خود ویزے لگا کر دے رہے ہیں۔ قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرمیثی نے افسوس ظاہر کیا کہ نہ جانے ایسا کیوں کیا جا رہا ہے۔ قونصل جنرل کے مطابق ہر کچھ عرصے بعد مختلف قسم کی افواہیں پھیلا دی جاتی ہیں نہ جانے کون لوگ اس طرح کی افواہیں کیوں پھیلا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ سماجی رابطوں کی کچھ ویب سائٹس پر اس طرح کے پوسٹرز گردش کر رہے ہیں جن میں پاکستان کے مختلف شہروں میں پیدا ہونے والے پاکستانی شہریوں کے لیے متحدہ عرب امارات کے سیاحتی ویزے کی پابندی ظاہر کی جا رہی ہے۔ ان پوسٹر میں ایبٹ آباد، ڈیرہ غازی خان، کوئٹہ، خوشاب، مظفرگڑھ، سرگودھا، اٹک، ڈیرہ اسماعیل خان، قصور، کرم ایجنسی، نوابشاہ، شیخوپورہ، باجوڑ ایجنسی، ہنگو، کوہاٹ، لاڑکانہ، پاراچنار، اسکردو،چکوال، ہنزہ، کوٹلی آزاد کشمیر، مہمند ایجنسی، ساہیوال اور سکھر نمایاں طور پر شامل کئے گئے ہیں اور ان شہروں میں پیدا ہوئے پاکستانیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات کے وزٹ ویزہ اپلائی نہ کریں ورنہ انہیں مسترد کر دیا جائے گا۔ قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرمیثی نے ان اطلاعات کی سختی سے تردید اور مذمت کی ہے۔

 

 

ایڈیٹر : راجہ کامران

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *