
نیویارک، یکم اگست 2026 (کامران راجہ): پاکستان نے پائیدار صنعتی ترقی کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ٹیکسٹائل ری سائیکلنگ اور سرکلر اکانومی کے شعبے میں عالمی صنعتی اداروں کے ساتھ تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکا میں پاکستان کے سفیر رِضوان سعید شیخ نے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کاؤنسلر عدنان محمود اعوان کے ہمراہ تسوزوکی اسپننگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور سول دے جنیرو کے بانی و چیف ایگزیکٹو آفیسر سے ملاقات کی۔ملاقات میں امریکا میں ٹیکسٹائل کی پائیدار پیداوار اور ری سائیکلنگ سے متعلق ابھرتے ہوئے ضوابط کے تناظر میں ٹیکسٹائل ری سائیکلنگ، سرکلر اکانومی اور ماحول دوست صنعتی تعاون کے مواقع پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
تسوزوکی اسپننگ کمپنی کے حکام نے پاکستان کی مضبوط ٹیکسٹائل صنعت کو سراہتے ہوئے اسے خطے میں ٹیکسٹائل ری سائیکلنگ کا اہم مرکز بننے کی بھرپور صلاحیت کا حامل قرار دیا۔ کمپنی نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور تعاون کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے ایک فزیبلٹی وفد بھیجنے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔ سفیر رِضوان سعید شیخ نے پائیدار سرمایہ کاری اور ماحول دوست صنعتی ترقی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومت پاکستان ایسے تمام منصوبوں میں مکمل سہولت اور تعاون فراہم کرے گی۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ٹیکسٹائل ری سائیکلنگ، جدید ری سائیکلنگ ٹیکنالوجیز، پائیدار ٹیکسٹائل کی تیاری اور باہمی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے رابطے جاری رکھے جائیں گے تاکہ اقتصادی ترقی کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تحفظ کے اہداف بھی حاصل کیے جا سکیں۔