
اسلام آباد، 27 نومبر 2026 (غفران): پاکستان نے عالمی جوہری سلامتی کے تعاون کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) اور دیگر عالمی شراکت داروں کے ساتھ دیرپا تعاون کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین نے اسلام آباد میں آئی اے ای اے کے جوہری سلامتی تربیتی و معاون مراکز کے بین الاقوامی نیٹ ورک (این ایس ایس سی نیٹ ورک) کے 15ویں سالانہ اجلاس کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ایک دہائی بعد دوسری مرتبہ ویانا سے باہر اس اجلاس کی میزبانی عالمی جوہری سلامتی کے تعاون کو فروغ دینے کے عزم کی عکاس ہے۔ اجلاس میں 49 رکن ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی، جبکہ پاکستان نے آئی اے ای اے اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے اور پائیدار جوہری سلامتی کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔