Friday, August 21

پاکستان اور ملائیشیا کا قریبی برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

Pakistan, Malaysia Reaffirm Close Ties, Discuss Bilateral Cooperation

اسلام آباد، 21 اگست 2026 (کامران راجہ): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعہ کو اسلام آباد میں وزارت خارجہ میں ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین ناسوتیون بن اسماعیل سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کی تجدید کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے بالخصوص تجارت اور اقتصادی تعلقات، باہمی قانونی معاونت اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی۔ دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات سینیٹر سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر مملکت برائے داخلہ و انسداد منشیات طلال چوہدری، وفاقی سیکریٹری تجارت جواد پال، وفاقی سیکریٹری قومی غذائی تحفظ و تحقیق عامر علی احمد اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ دونوں فریقین نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ دوستی اور کثیرالجہتی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔