
راولپنڈی، 21 نومبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان اور انڈونیشیا کی افواج کے درمیان مشترکہ انسدادِ دہشت گردی مشق ’’ایلانگ اسٹرائیک تھری‘‘ نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (این سی ٹی سی) پبی میں کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی۔ یہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں کا تیسرا ایڈیشن تھا، جس کا آغاز 9 نومبر کو ہوا تھا۔ مشق کا مقصد انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں تجربات کا تبادلہ، آپریشنل مشقوں اور طریقہ کار کو مزید مؤثر بنانا اور باہمی تربیت و بہترین عملی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے جنگی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا تھا۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق مشترکہ مشق کے دوران دونوں ممالک کی افواج کو پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے اور انسدادِ دہشت گردی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی آپریشنل تیاریوں کو بہتر بنانے کا موقع ملا۔ یہ مشق پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دیرینہ فوجی تعاون کی عکاس ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ بھی کرتی ہے۔