
راولپنڈی، 6 مئی 2026:(کامران راجہ):پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آسٹریلین رائل ملٹری کالج (RMC) ڈنٹرون نے پاکستان آرمی کے کیڈٹ سردار ارسام عباس (پی ایم اے 152 لانگ کورس) کو پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر “اوور آل بیسٹ فارن ملٹری کیڈٹ” قرار دیا ہے۔ یہ تقریب 5 مئی 2026 کو کینبرا میں منعقد ہوئی۔
یہ اعزاز اس غیر ملکی کیڈٹ کو دیا جاتا ہے جو تربیت کے تمام شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔ یہ کامیابی پاک فوج کی جونیئر قیادت کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار، عزم اور بہترین کارکردگی کا مظہر ہے۔
کمیشننگ پریڈ کا جائزہ آسٹریلوی چیف آف آرمی لیفٹیننٹ جنرل سائمن اسٹیورٹ نے لیا۔ تقریب میں سفارتی عملے کے ارکان، کینبرا میں پاکستان کے ہائی کمشنر، پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کے اہل خانہ اور آسٹریلین ڈیفنس فورس کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دیرینہ عسکری تعلقات قائم ہیں۔ 2013 سے اب تک پاک فوج کے 7 افسران آر ایم سی ڈنٹرون میں بطور پلاٹون کمانڈر خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ 2009 سے اب تک 46 پاکستانی کیڈٹس اس ادارے سے فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔
یہ 14واں موقع ہے کہ کسی پاکستانی آرمی کیڈٹ کو “اوور آل بیسٹ فارن ملٹری کیڈٹ” قرار دیا گیا ہے، جن میں لیفٹیننٹ ناصر حسین خالد سہرہیا شہید، تمغۂ بسالت بھی شامل ہیں، جنہوں نے 4 ستمبر 2020 کو شمالی وزیرستان میں جامِ شہادت نوش کیا۔ لیفٹیننٹ ناصر شہید کا نام آر ایم سی پریڈ گراؤنڈ کے یادگاری ستون پر بھی کندہ ہے، جو پاکستانی فوجی افسران کی جرات، قربانی اور وقار کی لازوال روایت کی علامت ہے۔