Wednesday, May 6

پاک-امریکا تجارتی تعاون کے فروغ پر زور، وزیر تجارت کی امریکی نائب نمائندہ سے ورچوئل ملاقات

 

اسلام آباد، 6 مئی 2026(کامران راجہ):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی ڈپٹی امریکی نمائندہ تجارت رک سوئٹزر سے ورچوئل ملاقات ہوئی، جس میں پاک-امریکا دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ اور نئے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران امریکی نمائندہ تجارت رک سوئٹزر نے خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور عالمی تجارت میں پاکستان کے اہم کردار کو تسلیم کیا۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار عالمی شراکت دار کے طور پر امن کے فروغ اور اقتصادی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تجارت بڑھانے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کا خواہاں ہے۔

دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے ایک متوازن، باہمی فائدہ مند اور مستقبل پر مبنی تجارتی فریم ورک ناگزیر ہے، جو پائیدار معاشی تعاون کو فروغ دے سکتا ہے۔

سیکرٹری تجارت جواد پال نے بتایا کہ تکنیکی سطح پر مذاکرات جاری ہیں اور چند اہم امور پر پیشرفت باقی ہے۔

امریکی حکام نے پاکستان کے ساتھ تجارت مزید مضبوط بنانے کے وسیع امکانات کا اظہار کیا۔

ملاقات کے اختتام پر وفاقی وزیر تجارت نے امریکی وفد کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جسے خوش آئند قرار دیا گیا، جبکہ دونوں جانب سے مثبت روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

— اختتام —