
اسلام آباد، 7 نومبر 2026 (کامران راجہ): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں کیش لیس معیشت کے فروغ سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو وسعت دینے اور حکومتی اقدامات پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کیش لیس معیشت کا فروغ حکومت کی اہم ترین ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے وزارت خزانہ اور تمام متعلقہ ریاستی اداروں کی کوششوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ ملک بھر میں 100 فیصد ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام قائم کرنے کے لیے واضح لائحہ عمل، مقررہ مدت اور قابل پیمائش اہداف پیش کیے جائیں۔ انہوں نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے متعلق صارفین کو درپیش مسائل فوری حل کرنے اور کیش لیس معیشت کے فروغ کے لیے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی فراہمی اور عوام کی ٹیکنالوجی تک آسان رسائی یقینی بنانے پر زور دیا۔ شہباز شریف نے صارفین اور دکانداروں کے درمیان راست کیو آر کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے کی حکومتی اسکیم جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ نظام کیش لیس معیشت کے حکومتی وژن کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے بجلی اور گیس کے صارفین کو یوٹیلیٹی بلوں پر درج کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیاں کرنے کی ترغیب دینے کے لیے مؤثر میڈیا مہم شروع کرنے اور تمام وزارتوں و سرکاری اداروں کو کیش لیس معیشت کے منصوبے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وفاقی اور صوبائی سرکاری اداروں میں ادائیگیوں کو ڈیجیٹل بنانے کا عمل تیزی سے جاری ہے اور بیشتر اداروں کی تمام ادائیگیاں دسمبر 2026 تک ڈیجیٹل ہو جائیں گی۔ بریفنگ کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی 100 فیصد ادائیگیاں ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کی جا رہی ہیں، جبکہ انٹرنیٹ کی عدم دستیابی والے علاقوں میں بھی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لیے جدید نظام متعارف کرانے پر کام جاری ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 15 نومبر 2026 سے آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس کے ذریعے چیک کی ادائیگیاں بند کر دی جائیں گی اور 16 نومبر سے ان اکاؤنٹس کی تمام ادائیگیاں راست ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران (ڈی ڈی اوز) کو تربیت بھی فراہم کی جا چکی ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، شزا فاطمہ خواجہ، عطاء اللہ تارڑ، جنید انور چوہدری، علی پرویز ملک اور سردار اویس لغاری، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، صوبائی چیف سیکریٹریز اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔